گلوکار،اداکار و میزبان محسن عباس کے خلاف مقدمہ درج

لاہور: گلوکار ، اداکار و میزبان محسن عباس کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔مقدمہ محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں امانت میں خیانت، تشدد اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہے ۔درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی محسن عباس کا سلوک اچھا نہیں تھالیکن شادی بچانے کیلئے قربانی دیتی رہی ۔محسن عباس کے بار بار کہنے پر کاروبار کیلئے والد کوایک کروڑ روپے دینے کا کہا اور والد نے 50لاکھ روپے دئیے ۔پیسے ملنے کے بعد محسن عباس کا رویہ کچھ روز کے لئے ٹھیک ہو گیا ،بار بار پوچھنے کے باوجود محسن عباس نے رقم کے خرچ کے حوالے سے نہ بتایا اور دوبارہ تشدد شروع کر دیا ۔محسن عباس نے کہا کہ والد سے مزید پچاس لاکھ روپے لے کر آئوں جس پر میں نے انکار کر دیا ۔محسن عباس نے نازش جہانگیر خان نامی لڑکی سے ناجائز تعلقات استوار کر لئے اور اس کے اور بچے کے سامنے کئی بار نشے کی حالت میں اس عورت کو گھر لے آتا او رکمرے میں لے جاتا ۔17جولائی کو تنگ آ کر علیحدگی اور اپنی رقم کی واپسی کا تقاضہ کیاجس پر محسن نے ایک بار پھر تشدد شروع کر دیا ۔ سائلہ نے اپنے بھائی محمد علی کو بلوایا تو میرے بھائی کے سامنے محسن عباس نے اپنے درواز سے پسٹل نکال کر لوڈ کر کے ہماری طرف تان لی اور دھمکی دی کہ تم دونوں نے رقم کا تقاضہ کیا تو دونوں کو جان سے مار دوں گا۔