جرمنی بیرون ملک سے بےروزگار ہوکر آنیوالے پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی میں معاونت کیلئے 3 ملین یورو امداد دے گا

اسلام آباد :جرمنی بیرون ملک سے بیروزگار ہوکر آنیوالے پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی میں معاونت کیلئے 3ملین یورو امداد دے گا ۔ اس حوالے سے جرمنی ادارے جی آئی زی اور اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کے درمیان وزارت اوورسیز کمیٹی روم میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ،مفاہمتی یادداشت کے تحت او پی ایف میں بیرون ممالک سے واپس آنے والے پاکستانی کارکنوں کے لئے قائم سہولتی مرکز کو تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ جرمنی کی وزارت اقتصادی ترقی و تعاون کی جانب سے بین الاقوامی امداد کے جرمن ادارے جی آئی زی مالی مدد فراہم کرے گا۔ جی آئی زی اور اوپی ایف کے درمیان معاونت سے واپس آنے والے پاکستانی کارکنوں کی اپنے ملک میں ہی مہارتوں کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع تک رسائی بڑھانے اور انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سیٹ اپ لگانے میں معاونت فراہم کی جائے گی جس سے پاکستانیوں کو اچھے روزگار کی فراہمی اور اقتصادی طور پر دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے میں مدد ملے گی ۔ تین ملین یورو لاگت کے اس پراجیکٹ پر جی آئی زی اور اوپی ایف 2020-23ءتک مشترکہ طور پر عمل درآمد کریں گے ، اس پراجیکٹ کے تحت لاہور میں پاکستانی جرمن فیسلٹیشن اینڈ ری اینٹی گریشن سینٹر قائم کیا جائے گا جو کہ روزگار اور نئے کاروباری اداروں کے لیے مشاورت اور ضروری معلومات فراہم کرے گا ۔ اس اقدام سے پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی جس سے بیروزگاری کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری، پاکستان میں جرمنی کے سفیر برنہارڈ شلاغک ، سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز ڈاکٹر محمد ہاشم پوپلزئی ، منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف ڈاکٹر عامر شیخ اور جی آئی زی کے کنٹری ڈائریکٹر ٹوبیاز بیکر بھی موجود تھے۔