فنکار برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا، شوکت یوسفزئی

پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ فنکار اور اداکار صوبے کی ثقافت نا صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمارے صوبے میں سیاحت کے لیے بہت پوٹینشل موجود ہے فنکار برادری سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے اپنے کام کے ساتھ ساتھ اس پر بھی توجہ دیں ڈرامہ اور فلم بھی ایک میڈیم ہے جس سے ہم دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ ہمارا ملک کتنا پرامن اور خوبصورت ہے۔حکومت اس سلسلے میں فنکار اور اداکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنکار برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا جس سے ضرورت کے وقت استفادہ حاصل کیا جا سکے گا اور ضرورت مند فنکاروں کی امداد کے ساتھ ساتھ ان کی صحت مسائل بھی حل کیے جا سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مایہ ناز فنکاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔فنکاروں کے وفد میں فلم سٹار ارباز خان، آصف خان، شاہد خان، ہدایتکار ارشد خان، شا ہد عثمان، فلمساز سعید انور بیگ،مظفر خان،اداکار زرداد بلبل،ناز سینما کے مالک، ارشد سینما کے مالک سمیت دیگر فنکار شریک تھے۔ فنکاروں نے صوبائی وزیر کو فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کیا اور فلم انڈسٹری کو کھولنے کی درخواست کی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان خود بھی صوبے کی تہذیب اور ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے فنکاروں کے لیے بین الاقوامی سطح پر ثقافتی پروگراموں کے انعقاد پر کام کیا جائے گا۔وزیر اعلی چاہتے ہیں کہ فنکاروں اور اداکاروں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں جس سے ان کے مالی مسائل بھی حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ انڈومنٹ فنڈکے قیام میں ان تمام مسائل کے حل پر توجہ دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے فنکاروں کو ثقافتی پروگراموں کے انعقاد اور ترویج کیلئے نشتر ہال میں سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔