فلم معاشرے کی تہذیب و ثقافت اور اقدار اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے،سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ فلم معاشرے کی تہذیب و ثقافت اور اقدار اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے، ہم نے اپنی فلموں کے ذریعے قومی تشخص اور ورثہ کو فروغ دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےسنٹرل بورڈ آف فلم سنسر کے دورہ کے موقع پر کیا۔ چیئرمین فلم اینڈ سنسر بورڈ دانیال گیلانی نے ادارے کے پیشہ وارانہ امور اور کارکردگی پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی اور فلم سنسر بورڈ کے ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی قومی شناخت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اس حوالہ سے سنسر بورڈ کا نہایت اہم کردار ہے، ہمیں ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی بیانیہ کو تقویت دینی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فلموں میں ایسا مواد عوام کے سامنے نہیں آنا چاہئے جو ہماری اخلاقی اقدار اور تہذیب وثقافت کے منافی ہو، پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اس سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی سوچ کے ساتھ نئے ہیروز کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔